اسلام آباد (لارڈ میڈیا) اسلام آباد ہائی کورٹ میں شہر میں شیشہ کیفوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ایڈز و ایچ آئی وی کے کیسز میں اضافے پر کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور آئی جی پولیس کو ذاتی حیثیت میں آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے شہری عبدالجبار کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل محمد سہیل خورشید ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے شیشہ کیفوں کی تفصیلات طلب کرنے کی وجہ پوچھی۔ وکیل نے بتایا کہ اسلام آباد میں شیشہ کیفوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جہاں رات بھر محفلیں جاری رہتی ہیں، جن میں کچھ کیفے این او سی کے ساتھ جبکہ متعدد بغیر اجازت کام کر رہے ہیں۔
وکیل نے کہا کہ ان سرگرمیوں کی وجہ سے معاشرتی اور صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ وزیر صحت کے بیان کے مطابق یہ تقریبات ایڈز اور ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کا سبب بن رہی ہیں۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ شیشہ کیفوں کی مکمل تفصیلات طلب کی جائیں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا طریقہ کار بھی پیش کیا جائے۔ عدالت نے چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا ہے، جبکہ کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔


