کویت (لارڈ میڈیا): کویتی فوج نے تصدیق کی ہے کہ کویت کے نیول جہاز پر ایران کے حملے میں 4 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ کویتی فوج کے بیان کے مطابق، منگل کو کویت کے نیول جہاز کو نشانہ بنایا گیا جس میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طبی امداد دی گئی اور ان کی حالت مستحکم ہے۔
کویتی فوج نے مزید بتایا کہ مسلح افواج نے منگل کے روز ایک بیلسٹک، 4 کروز میزائل اور 33 ڈرونز کو روک لیا۔ حملے کا مقصد کئی اہم اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا۔
کویتی فوج کا کہنا ہے کہ تباہ شدہ میزائلوں اور ڈرونز کا ملبہ گرنے سے مادی نقصان ہوا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب فورس نے اعلان کیا ہے کہ بحرین اور کویت میں دشمن کے اسلحہ ذخائر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایران نے کویت کی علی سالم ائیربیس میں ڈرون لانچنگ پیڈ کو بھی نشانہ بنایا۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ یہ حملے ایران پر امریکی حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک امریکا موجود رہے گا، تیل و گیس خطے سے باہر نہیں جائے گا۔


