لاہور (لارڈ میڈیا) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید بائیو مکینکس لیب قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے غیرملکی بائیومیکانسٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق بائیو مکینکس لیب کی تعمیر کے لیے جگہ کا تعین کر لیا گیا ہے اور اس میں جدید کیمرے، سنسرز، فورس پلیٹس اور دیگر آلات نصب کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بائیو مکینکس لیب کی تعمیر رواں سال کے اختتام تک مکمل ہونے کا امکان ہے، جس سے فاسٹ بولرز سمیت دیگر کھلاڑیوں کی تکنیکی جانچ اور کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے گی۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت کوئی جدید ریسرچ سینٹر نہیں ہے اور پرانا نظام اپنی معیاد مکمل کر چکا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے لیے برطانیہ کی لف برا یونیورسٹی سے بات چیت جاری ہے جو بائیو مکینکس لیب کے قیام اور تکنیکی معاونت میں پی سی بی کی مدد کرے گی۔


