ممبئی (لارڈ میڈیا): بھارتی اداکار راجپال یادیو کو چیک باؤنس کیس میں دہلی ہائی کورٹ نے 7 مقدمات میں 3، 3 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔ ہر کیس میں انہیں ایک کروڑ 5 لاکھ روپے ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے جبکہ 25 ہزار روپے ریاست کو بطور جرمانہ ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ تمام سزائیں بیک وقت چلیں گی۔
عدالت نے راجپال یادیو کو فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لیے 2 ماہ کی مہلت بھی دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق وہ اب تک تقریباً 2 کروڑ 25 لاکھ روپے ادا کر چکے ہیں جو مجموعی واجب الادا رقم میں سے منہا کیے جائیں گے۔
عدالت نے متنبہ کیا کہ مقررہ رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں انہیں مزید 6 ماہ قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ قانونی تنازع 2010 میں شروع ہوا تھا جب مرلی پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ نے راجپال یادیو کو فلم "اتا پتا لاپتا” کی تیاری کے لیے 5 کروڑ روپے قرض دیا تھا۔
فلم باکس آفس پر ناکام رہی اور اداکار قرض واپس کرنے میں ناکام رہے۔ رپورٹس کے مطابق اگست 2024 میں عدم ادائیگی کے باعث اداکار کی جائیداد ضبط کر لی گئی تھی جبکہ فروری 2026 میں وہ چند روز کے لیے جیل بھی گئے۔


