نئی دہلی (لارڈ میڈیا): جنوبی افریقا، آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف مسلسل شکستوں کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم میں بھونچال کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے، خاص طور پر ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے اسٹاف کے ایک اہم رکن کو فارغ کیے جانے کی خبریں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شکستوں کے بعد ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول کشیدہ ہوچکا ہے، جنوبی افریقا کے خلاف وائٹ واش کے بعد ڈریسنگ روم میں دراڑیں آچکی ہیں اور گزشتہ کئی مہینوں سے ماحول سازگار نہیں ہے۔
انگلینڈ کے خلاف جاری پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں بھارتی ٹیم تین صفر کے خسارے میں ہے اور انگلینڈ کو فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گوتم گمبھیر کے کوچنگ اسٹاف کے ایک رکن کا آئی پی ایل کی ٹیم جوائن کرنے کا امکان ہے جبکہ سپورٹ اسٹاف کے ایک اور رکن کے جانے کی بھی خبریں ہیں۔
سلیکٹرز اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان اختلافات نے معاملات کو مزید پیچیدہ کردیا ہے، بھارتی بورڈ کا انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد اہم جائزہ اجلاس ہوگا جس میں کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔
بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائیکا نے کہا ہے کہ ٹیم کی ناکامیوں پر بورڈ کی ریویو میٹنگ میں وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔ جنوبی افریقا سے ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ، آئر لینڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کے بعد بھارت انگلینڈ کے خلاف بھی خسارے میں ہے۔


