اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کا جغرافیائی محلِ وقوع ایک اہم اثاثہ ہے اور اس کو بروئے کار لا کر ملک معاشی فوائد حاصل کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پورٹ کنیکٹیویٹی بہتر بنانے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری بحری امور نے پاکستانی بندرگاہوں کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں پاکستان کی بندرگاہوں کی ترقی، کارکردگی اور مسابقت کو بہتر بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر پورٹ کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے، آپریشنز کو ہموار کرنے اور بین الادارہ جاتی ہم آہنگی کو مضبوط کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں تجارت، لاجسٹکس کی سہولت کاری اور بندرگاہوں کو علاقائی تجارتی گیٹ ویز کے طور پر مستحکم کرنے کے لیے اصلاحات پر گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف، وفاقی وزیر برائے بحری امور، معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری بحری امور، ڈی جی این ایل سی، چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔


