لاہور (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ جوڈیشل ٹاور منصوبہ پاکستان کی عدالتی تاریخ کا منفرد منصوبہ ہے جو وکلاء، سائلین اور عدالتی عملے کو جدید سہولیات فراہم کرے گا۔
جوڈیشل ٹاور کے سنگ بنیاد کی تقریب میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پنجاب کی خاتون چیف جسٹس عالیہ نیلم نے عدالتی نظام اور سائلین کی بہتری کو ترجیح دی، ان کے دور میں خواتین وکلاء کے لئے جدید فیمیل بار رومز اور ڈے کیئر سینٹرز قائم کئے گئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جوڈیشل ٹاور میں وکلاء اور سائلین کی ضروریات کا خیال رکھا گیا ہے، جس میں سیکڑوں گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت بھی شامل ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے اس منصوبے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وفاقی حکومت بھی بروقت تکمیل کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔


