اسلام آباد (لارڈ میڈیا): ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی کی لہر کی وجہ سے ہیٹ انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سبی، بہاولپور، ڈی آئی خان، دادو، سرگودھا، حیدرآباد، سکھر، شیخوپورہ، فیصل آباد، پشاور، سیالکوٹ، اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت متعدد شہروں میں شہری شدید حبس اور گرمی کی دوہری شدت کا سامنا کر رہے ہیں۔
سبی میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا لیکن نمی کی بلند شرح کے باعث محسوس ہونے والا درجہ حرارت 68.2 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ بہاولنگر میں 42 ڈگری کے ساتھ محسوس ہونے والا درجہ حرارت 56.7 ڈگری، ڈی آئی خان میں 41 ڈگری کے ساتھ 55.8 ڈگری، جبکہ دادو میں 43 ڈگری کے باوجود محسوس ہونے والا درجہ حرارت بھی 55.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
سرگودھا میں درجہ حرارت 40 ڈگری اور محسوس ہونے والا درجہ حرارت 52.7 ڈگری، حیدرآباد میں 39 ڈگری کے مقابلے میں 51.6 ڈگری، سکھر میں 40 ڈگری کے ساتھ 51.3 ڈگری اور شیخوپورہ میں 37 ڈگری کے باوجود محسوس ہونے والا درجہ حرارت 50.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
فیصل آباد میں 40 ڈگری کے ساتھ محسوس ہونے والا درجہ حرارت 49.5 ڈگری، پشاور میں 40.5 ڈگری کے ساتھ 49 ڈگری، بہاولپور میں 40 ڈگری کے ساتھ 48.3 ڈگری، سیالکوٹ میں 35.5 ڈگری کے باوجود 45.6 ڈگری، اسلام آباد میں 36.5 ڈگری کے ساتھ 44.4 ڈگری تک پہنچ گیا۔ لاہور میں 35.5 ڈگری کے ساتھ 41.9 ڈگری اور کراچی میں 34 ڈگری کے باوجود محسوس ہونے والا درجہ حرارت 41.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ زیادہ نمی اور کمزور ہواؤں کے باعث ہیٹ انڈیکس میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے جسم کو محسوس ہونے والی گرمی اصل درجہ حرارت سے کہیں زیادہ ہو جاتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نہ نکلیں، زیادہ پانی پئیں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔


