اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وفاقی حکومت نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کو قابو میں کرنے کے لئے نیشنل پاپولیشن کونسل تشکیل دے دی ہے۔ کونسل کی سربراہی وزیراعظم شہباز شریف کریں گے اور اس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت وفاق اور صوبوں کی اعلیٰ قیادت شامل ہوگی۔
وفاقی حکومت نے نیشنل پاپولیشن کونسل کے قیام کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کونسل کے چیئرمین ہوں گے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس کے رکن ہوں گے۔ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی کونسل میں شامل ہیں۔
مزید برآں، وفاقی وزیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیر صحت، وزیر تعلیم، وزیر قانون، وزیر اطلاعات اور وزیر مذہبی امور کو کونسل کا رکن بنایا گیا ہے۔ حکومت کے مطابق یہ کونسل ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لئے جامع پالیسی مرتب کرے گی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرے گی۔
نوٹی فکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قومی مہم میں مذہبی اسکالرز، سول سوسائٹی اور نجی شعبے کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ خاندانی منصوبہ بندی اور آبادی کے حوالے سے مؤثر آگاہی فراہم کی جا سکے۔ کونسل آبادی سے متعلق قومی پالیسی پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔


