پشاور (لارڈ میڈیا) خیبر پختونخوا اسمبلی نے اراکین کے استحقاق اور سہولیات سے متعلق میڈیا رپورٹس کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اسمبلی کے اراکین کو بلیو پاسپورٹ اور اسلحہ لائسنس کی سہولیات پہلے سے موجود ہیں۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے موجودہ مراعات اور اختیارات خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی (اراکین کے استحقاقات) ایکٹ، 1988 میں پہلے سے موجود ہیں۔ حالیہ ترامیم میں ان شقوں کو مزید واضح کیا گیا ہے۔
بلیو پاسپورٹ کے حوالے سے کوئی نئی سہولت متعارف نہیں کرائی گئی ہے۔ سفارشات اسپیکرز کانفرنس کے ایجنڈے کے تحت وفاقی حکومت کو بھیجی گئی ہیں تاکہ پاسپورٹ قوانین کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مساوی بنایا جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ اسلحہ لائسنس کے سلسلے میں موجود قانونی تقاضوں کو واضح کیا گیا ہے۔ 1988 کے قانون کے تحت چار اسلحہ لائسنس کی سہولت پہلے سے موجود ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی اپنی آئینی ذمہ داریاں شفافیت اور آئینی بالادستی کے تحت ادا کرتی رہے گی۔ میڈیا سے گزارش کی گئی کہ وہ حقائق پر مبنی معلومات کو ترجیح دیں۔


