کوئٹہ (لارڈ میڈیا): بلوچستان کے علاقے ہنہ اوڑک میں دہشت گردوں کی کارروائی کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن جاری ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے بتایا ہے کہ کارروائی میں اب تک تین دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دہشت گرد سات افراد کو اغوا کر کے لے گئے ہیں جن کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو اور وزیراعلیٰ کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ رات دہشت گردوں نے محب وطن شہریوں کو نشانہ بنایا، لیکن مقامی افراد نے بہادری کا مظاہرہ کیا اور حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر سیکیورٹی فورسز کا بھرپور آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اے ٹی ایف کے دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور علاقے میں نئی سیکیورٹی چیک پوسٹ قائم کی گئی ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق سات افراد کو اغوا کر لیا گیا ہے اور ان کی بحفاظت بازیابی کے لیے سیکیورٹی ادارے سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک علاقے کو مکمل طور پر محفوظ نہیں بنا لیا جاتا۔
شاہد رند نے کہا کہ ہنہ اوڑک میں سینیٹائزیشن آپریشن شروع کیا جا رہا ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو عوامی تحفظ کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔


