شنگھائی (شِنہوا) چین کے پہلے لیگو لینڈ ریزرٹ "لیگو لینڈ شنگھائی” نے اپنی پہلی سالگرہ مناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں سب سے تیزی سے 20 لاکھ سے زائد سیاحوں کا ہدف حاصل کرنے والا لیگو لینڈ ریزارٹ بن گیا ہے۔
اس ریزارٹ نے دنیا بھر کے تمام لیگو لینڈ ریزارٹس کے مقابلے میں پہلے سال کے دوران سیاحوں کی تعداد میں سب سے زیادہ اضافہ بھی ریکارڈ کیا ہے۔ بچوں والے خاندان لیگو لینڈ شنگھائی کے بنیادی سیاح ہیں، جو مجموعی آنے والوں کا 80 فیصد سے زیادہ حصہ بنتے ہیں۔
دریائے یانگسی طاس کے علاوہ یہ ریزارٹ بیجنگ، چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ اور چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ جیسے دیگر خطوں سے بھی سیاحوں کو اپنی طرف راغب کر رہا ہے۔
مرلن انٹرٹینمنٹس کے چیف سٹریٹجک پورٹ فولیو ڈیویلپمنٹ آفیسر جان جیکب سن نے کہا کہ "لیگو لینڈ شنگھائی کا پہلا سال انتہائی شاندار رہا، اور اس نے دنیا بھر کے لیگو لینڈ ریزارٹس میں سیاحوں کی تعداد اور مہمانوں کے اطمینان، دونوں لحاظ سے اعلیٰ ترین پوزیشن حاصل کی ہے۔”
جیکب سن نے مزید کہا کہ”یہ نہ صرف چین کی فیملی مارکیٹ کی وسیع صلاحیتوں کی تصدیق کرتا ہے بلکہ چین کی ثقافتی سیاحت کی مارکیٹ پر ہمارے اعتماد کو بھی مزید مضبوط کرتا ہے۔ چین ہماری ‘مرلن انٹرٹینمنٹس’ کی ترقیاتی حکمت عملی کا ایک اہم ستون ہے۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ مستقبل میں چینی خاندانوں کو تفریح کے مزید بہترین مواقع فراہم کریں گے۔
شنگھائی کے ضلع جن شان میں واقع 3 لاکھ 18 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا لیگو لینڈ شنگھائی ریزارٹ عالمی سطح پر 11واں لیگو لینڈ ریزارٹ ہے اور اپنے افتتاح کے وقت یہ دنیا کا سب سے بڑا لیگو لینڈ پارک تھا۔


