ہومتازہ تریندوسری جنگ عظیم میں جاپان کے بدنام زمانہ 'یونٹ 731' کے جراثیمی...

دوسری جنگ عظیم میں جاپان کے بدنام زمانہ ‘یونٹ 731’ کے جراثیمی جنگی جرائم پر نئی کتاب شائع

ہاربن (شِنہوا) چین کے شمال مشرقی صوبے حئی لونگ جیانگ میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپانی یونٹ 731 کے ہولناک جراثیمی جنگی جرائم بے نقاب کرنے والے ایسے دستاویزی شواہد منظر عام پر لائے گئے جو پہلے کبھی شائع نہیں ہوئے تھے۔
مورخ جن چھینگ من کی تصنیف’’بلیک باکس: یونٹ 731 ‘‘ جس کا باضابطہ اجرا حئی لونگ جیانگ کے دارالحکومت ہاربن میں واقع ’یونٹ 731 کے جرائم کے شواہد پر مبنی نمائشی ہال‘ میں کیا گیا، اس یونٹ کے خلاف ناقابل تردید ثبوتوں کا ایک مکمل سلسلہ پیش کرتی ہے۔
میوزیم اور شنگھائی جیاؤ تونگ یونیورسٹی پریس کے زیر اہتمام منعقدہ اس تقریب میں 100 سے زائد مورخین، محققین اور ماہرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر میوزیم کے سینئر محقق جن چھینگ من نے اپنی دہائیوں پر محیط تحقیق کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
جن چھینگ من نے گزشتہ 30 برسوں سے اپنا کام جراثیمی جنگ کی تاریخ کے مطالعے، یونٹ 731 کے سابقہ مقامات کے تحفظ اور تاریخی آگہی کو فروغ دینے کے لئے وقف کر رکھا ہے۔
انہوں نے جاپان کے 30 سے زائد تحقیقی دورے کئے اور یونٹ 731 کے سابق ارکان کے انٹرویوز کے ذریعے 400 گھنٹوں سے زائد کی ویڈیو، 20 ہزار سے زائد جرائم سے متعلق اشیاء اور 3 لاکھ صفحات پر مشتمل اصل تاریخی دستاویزات محفوظ کی ہیں۔
جن چھینگ من نے وضاحت کی کہ کتاب کا عنوان دو بنیادی پہلوؤں کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ جہاں ایک طرف یونٹ 731 کے خفیہ ترین معاملات اور انسانی تجربات کے ہولناک چیمبرز کی علامت ہے، وہیں دوسری طرف یہ جنگ کے بعد ہونے والے پس پردہ سودے کی نشاندہی کرتا ہے جس کے تحت امریکہ نے جاپانی یونٹ کے جراثیمی جنگی ڈیٹا کے بدلے میں ان کے گھناؤنے جرائم پر پردہ ڈالا تھا۔
رواں سال جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمت اور فسطائیت مخالف عالمی جنگ میں فتح کی 81 ویں، ٹوکیو ٹرائلز کے آغاز کی 80 ویں اور 1949 کے خاباروفسک جنگی جرائم کے ٹرائلز کی 77 ویں سالگرہ ہے۔
تقریب میں شریک ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نئی اشاعت جنگی تاریخ کا مطالعہ آگے بڑھانے اور عوام کے لئے حقائق پر مبنی تاریخی تعلیم آسان بنانے میں مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دستاویزی حقائق تسلیم کرنا اور جنگی مظالم پر غور و فکر کرنا انصاف اور پائیدار عالمی امن کی بنیاد مضبوط کرتا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں