بیجنگ (شِنہوا) چین نے کہا ہے کہ جو مصنوعات لوگوں کی ضروریات کو پورا کرتی ہوں، اچھی معیار کی ہوں اور کم قیمت پر دستیاب ہوں، وہ قدرتی طور پر مقبول ہو جاتی ہیں جبکہ چین اور یورپ کے درمیان تجارتی ڈھانچہ مارکیٹ کی طلب سے پیدا ہونے والا ایک فطری نتیجہ ہے جو باہمی تکمیلی فوائد پر مبنی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ سے پریس بریفنگ کے دوران ان رپورٹس پر تبصرہ کرنے کو کہا گیا جن میں بتایا گیا تھا کہ یورپ میں چینی ساختہ ایئر کنڈیشنرز، پنکھے اور گرمی اور دھوپ سے بچاؤ کی کثیر المقاصد چھتریوں کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
ماؤ ننگ نے کہا کہ حقائق سے ثابت ہوتا ہے کہ چین اور یورپ کے درمیان تجارت سے دونوں فریق مستفید ہوئے ہیں، جہاں صارفین کو فائدہ پہنچا ہے جبکہ سپلائرز نے بھی منافع حاصل کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجارت میں خرید و فروخت زبردستی نہیں کرائی جا سکتی بلکہ یہ ایک ایسا دوطرفہ عمل ہے جس سے دونوں جانب کو فائدہ ہوتا ہے۔


