گلگت (لارڈ میڈیا): نو منتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ان سے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وفاقی وزیر امیر مقام بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ 7 جون 2026 کو پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ الیکشن میں نوجوانوں اور خواتین کا اہم کردار رہا ہے اور عوام نے پیپلز پارٹی کو بھاری مینڈیٹ دے کر بڑی ذمہ داریاں سونپی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا، باوجود اس کے کہ مرکز میں پیپلز پارٹی کی حکومت نہیں ہے۔ انہوں نے اپنی قیادت اور مسلم لیگ ن کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پیپلز پارٹی کو حکومت بنانے کا موقع دیا۔
امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے منفرد موسم کی قدر کرتے ہوئے وہاں دنیا کے لیے زمینی اور ہوائی سفر کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے گلگت بلتستان کو پاکستان کا ماڈل صوبہ بنانے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے عزم کا اظہار کیا۔


