اسلام آباد (لارڈ میڈیا) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کی تقریب حلف برداری کے موقع پر کہا کہ مسلم لیگ کے نمائندوں نے ہماری حمایت کی اور ہم مل کر اس خطے کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام ذوالفقار علی بھٹو کی یاد کو زندہ رکھتے ہیں اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو آئینی حقوق دلانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دیکھنا چاہتے ہیں جب یہاں کے نمائندے قومی اسمبلی میں ان کے ساتھ ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی حق ملکیت کے وعدے پر عمل کرے گی اور گلگت بلتستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے فارمنگ کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپ کی زمین ہے اور آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ اس کا کیا کرنا ہے، ہم ایسا معاشی ماحول بنائیں گے کہ لوگوں کو روزگار ملے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاست جھگڑے اور دشمنی کا دوسرا نام ہے، لیکن گلگت بلتستان میں حکومت جیتنے والے اور ہارنے والے دونوں کی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سردیوں سے پہلے گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔


