فری ٹاؤن (شِنہوا) چین۔سیرا لیون نرسنگ تربیتی مرکز کا باضابطہ افتتاح فری ٹاؤن میں واقع سیرا لیون۔چین دوستی ہسپتال میں کیا گیا۔
یہ مرکز بنیادی طور پر چین کی 27ویں طبی ٹیم کے زیر انتظام چلایا جائے گا اور دونوں ممالک کے درمیان نرسنگ کی تعلیم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لئے ایک مستقل پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔
سیرا لیون کے نائب وزیر صحت چارلس سینیسی نے چین کی طویل عرصے سے جاری طبی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز جدید طبی مہارتوں اور پیشہ ورانہ معیارات کی باقاعدہ منتقلی کے ذریعے نرسنگ کی تعلیم میں موجود خلا کو پر کرنے میں مدد دے گا۔
طبی ٹیم کے سربراہ لی ژینگ نے کہا کہ یہ مرکز قلیل مدتی طبی امداد سے آگے بڑھتے ہوئے طویل مدتی ادارہ جاتی استعداد کار کی تعمیر کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جو چین اور سیرا لیون کے درمیان صحت کے شعبے میں پائیدار تعاون کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔
مرکز کے پہلے 2ماہ پر مشتمل تربیتی پروگرام میں سیرا لیون کے 5بڑے ہسپتالوں سے تعلق رکھنے والے 40 سے زائد نرسنگ پیشہ ور افراد نے داخلہ لیا ہے۔
ہنگامی طبی نگہداشت، متعدی امراض کی نرسنگ اور روایتی چینی طب پر مبنی نرسنگ سمیت 8 خصوصی ماڈیولز پر مشتمل یہ پروگرام مقامی صحت کے شعبے کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ترتیب دیا گیا ہے۔


