اسلام آباد (لارڈ میڈیا) کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشان حیدر کی 27 ویں برسی پر وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستان کی مسلح افواج نے ان کی قربانی کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ کارگل جنگ میں بہادری کی لازوال مثال قائم کرنے والے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک درخشاں باب قرار دیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی قربانی پاکستان کے دفاع کی ضامن ہے اور ان کی بہادری مادرِ وطن کے لیے وفاداری کی اعلیٰ ترین روایات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے وطن کے دفاع کو ایک مقدس فریضہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہماری خود مختاری کی ضمانت ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، 1999 کی کارگل جنگ میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی قربانی آج بھی پاکستانی قوم کے لیے حوصلے اور حب الوطنی کی علامت ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت مسلح افواج کے اعلیٰ عہدیداروں نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی لازوال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی قربانی کو قومی تاریخ کا تابندہ باب قرار دیا۔


