تل ابیب (لارڈ میڈیا) اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر نے گرفتاری اور احتجاج کے خدشات کے باعث اپنا مجوزہ دورہ امریکا منسوخ کر دیا ہے۔ بن گویر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی پولیسنگ کانفرنس میں شرکت کرنا تھی، تاہم انسانی حقوق کی تنظیموں کے احتجاج اور قانونی کارروائی کے مطالبات کے باعث انہوں نے یہ فیصلہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق تنظیموں کا مؤقف ہے کہ بن گویر کے خلاف تحقیقات اور قانونی کارروائی ہونی چاہیے، جس کے سبب ان کے دورے کے دوران بڑے مظاہروں کی منصوبہ بندی تھی۔
اسرائیلی ذرائع کے مطابق ممکنہ قانونی پیچیدگیوں اور احتجاجی مہم کی بنا پر بن گویر نے دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ حالیہ عرصے میں دوسرا موقع ہے جب بن گویر نے امریکا کا دورہ منسوخ کیا۔
تاحال اسرائیلی حکومت یا امریکی حکام کی جانب سے اس بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں ہوا، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے اپنے مطالبات پر زور دیا جا رہا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بن گویر کی متنازع پالیسیوں کے باعث انہیں بین الاقوامی سطح پر تنقید کا سامنا ہے، اور ان کے غیر ملکی دورے اکثر احتجاج کا مرکز بنتے ہیں۔


