اسلام آباد (لارڈ میڈیا): مالی سال 2025-26 میں تنخواہ دار طبقہ ملک کا سب سے بڑا ٹیکس دہندہ رہا، جس نے 633 ارب روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یہ رقم برآمدکنندگان، رئیل اسٹیٹ اور ریٹیل سیکٹر سے حاصل ہونے والے مجموعی انکم ٹیکس سے بھی زیادہ ہے۔
حکام کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کل 13 ہزار 10 ارب روپے کے محصولات جمع کیے۔ برآمدکنندگان نے 174 ارب روپے جبکہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے 191 ارب روپے ٹیکس وصول ہوا۔
ریٹیل سیکٹر سے انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 236-G کے تحت 25 ارب روپے اور شق 236-H کے تحت 45 ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا۔
حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے ایف بی آر کو 15 ہزار 264 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف دیا ہے، جس کے حصول کے لیے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی حکمت عملی اپنائی جائے گی۔


