اسلام آباد (لارڈ میڈیا): استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے گا اور آزاد کشمیر کے فیصلے وہیں کے عوام کی خواہشات کے مطابق ہوں گے۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس سمیت دیگر کئی شخصیات نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
پریس کانفرنس میں علیم خان نے کہا کہ معیاری تعلیم، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شفاف حکمرانی پارٹی کی اولین ترجیحات ہیں۔ کشمیری عوام کو کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے اور 100 فیصد بچوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کا مقصد صرف اقتدار نہیں بلکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اگر حکومت بنانے کا موقع ملا تو میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انتخابی نتائج کو جمہوری انداز میں قبول کرنے کی اپیل کی گئی۔
علیم خان نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے مشکل حالات میں کبھی ہار نہیں مانی۔ انہوں نے بتایا کہ وزارتِ مواصلات پر توجہ دینے کی درخواست کی تاکہ ملک کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنایا جا سکے۔
علیم خان نے ملک بھر میں جدید شاہراہوں کی تعمیر کی تفصیلات بتائیں، جن میں گلگت بلتستان، سکھر تا کراچی موٹروے، لاہور، سیالکوٹ، کھاریاں، اسلام آباد موٹروے اور مظفرآباد سے مانسہرہ تک کی شاہراہیں شامل ہیں۔


