کراچی (لارڈ میڈیا): کورنگی کے علاقے میں پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس کے دوران ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔ ایدھی حکام کے مطابق ملزم کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
کورنگی پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ واقعہ کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ کے ڈی اے پلیا سے مل ایریا جانے والے راستے پر پولیس نے مشتبہ موٹر سائیکل سوار ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جس کی شناخت اسد ولد شریف اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ہلاک ملزم کے قبضے سے ایک تیس بور پستول، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔


