کوئٹہ (لارڈ میڈیا): بلوچستان کے ضلع دکی میں باراتیوں کو لے جانے والی وین گہری کھائی میں گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 18 افراد زخمی ہو گئے، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق حادثہ مندے ٹک کے علاقے میں پیش آیا جب لورالائی سے دکی آنے والی وین کے بریک فیل ہوگئے۔
ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے فوری طور پر زخمیوں کو کھائی سے نکال کر ڈی ایچ کیو اسپتال دکی منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ایک شخص کی موت کی تصدیق کی۔ جاں بحق شخص کی شناخت پائند خان ولد گلزار خان کے نام سے ہوئی ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ تشویشناک حالت میں تین افراد کو لورالائی منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ متاثرین ڈاکٹر جوہر خان شادوزئی کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ انتظامیہ حادثے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔


