ہومتازہ ترینجاپان میں 2025 کے دوران اکیلے رہنے والے 76 ہزار افراد گھروں...

جاپان میں 2025 کے دوران اکیلے رہنے والے 76 ہزار افراد گھروں میں مردہ پائے گئے

ٹوکیو (لارڈ میڈیا): جاپان میں ایک سال کے دوران اکیلے رہنے والے 76 ہزار 941 افراد اپنے گھروں میں مردہ پائے گئے، جس میں زیادہ تر بزرگ شہری شامل تھے۔ نیشنل پولیس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ اموات 2 لاکھ 4 ہزار 562 لاشوں کا تقریباً ایک تہائی تھیں جو پولیس نے مختلف وجوہات کی بنا پر تحویل میں لیں۔

رپورٹ کے مطابق 65 سال یا اس سے زائد عمر کے 58 ہزار 919 افراد تنہائی میں مردہ پائے گئے، جو 2024ء کے مقابلے میں 875 زیادہ ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 28 ہزار 398 افراد کی لاشیں موت کے روز یا اگلے دن برآمد ہوئیں، جبکہ 22 ہزار 222 افراد کی لاشیں آٹھ یا اس سے زیادہ دن بعد ملی۔

جاپانی حکومت ان واقعات کو "کودوکوشی” یا "تنہائی میں موت” قرار دیتی ہے۔ یہ اصطلاح اکیلے مرنے اور کئی دنوں تک دریافت نہ ہونے والے افراد کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

جاپان میں شرح پیدائش میں کمی، عمر رسیدہ آبادی میں اضافہ، اور اکیلے رہنے کے رجحان نے اس مسئلے کو سنگین بنا دیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جاپان کی تقریباً 30 فیصد آبادی 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد پر مشتمل ہے۔

حکومت نے مسئلے سے نمٹنے کے لیے بزرگوں کی نگرانی، کمیونٹی نیٹ ورک کو مضبوط بنانے، اور سماجی رابطوں کے پروگرامز جیسے اقدامات کیے ہیں۔ ماہرین طویل المدتی سماجی اور معاشی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں