واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ دوسرا میرین ایکسپیڈیشنری یونٹ مشرق وسطیٰ میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے، جس سے امریکی فوجی موجودگی مزید مضبوط ہو گئی ہے۔
سینٹکام کے مطابق باکسر ایمفیبیئس ریڈی گروپ اور 11واں میرین ایکسپیڈیشنری یونٹ معمول کے مشن کے تحت تعینات کیے گئے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق ایک میرین ایکسپیڈیشنری یونٹ عموماً دو ہزار سے زائد میرین اہلکاروں پر مشتمل ہوتا ہے، جو زمینی، بحری اور فضائی کارروائیاں انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
باکسر گروپ میں یو ایس ایس باکسر، یو ایس ایس پورٹ لینڈ اور یو ایس ایس کام اسٹاک شامل ہیں۔ یو ایس ایس پورٹ لینڈ حال ہی میں مشرق وسطیٰ پہنچی ہے جبکہ یو ایس ایس کام اسٹاک مئی سے خطے میں موجود ہے۔
یہ تعیناتی یو ایس ایس ٹرپولی اور دیگر جنگی جہازوں کے ساتھ مل کر امریکی بحری موجودگی کو مزید تقویت دے گی۔ دفاعی مبصرین کے مطابق امریکا علاقائی سلامتی کے پیش نظر اپنی فوجی موجودگی کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ امریکی حکام نے تعیناتی کو معمول کا حصہ قرار دیا، مگر عالمی سطح پر اسے اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


