اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان تحریک انصاف کی قید قیادت نے پارٹی چیئرمین اور سیکرٹری جنرل کو خط ارسال کرتے ہوئے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں بھرپور شرکت کی سفارش کی ہے۔ خط پر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی اور دیگر قید رہنماؤں کی مشاورت کے بعد اتفاق کیا گیا۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود پارٹی کو انتخابی عمل میں حصہ لینا چاہیے۔
قید رہنماؤں نے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے مشاورت کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا جائے تاکہ پارٹی کی نمائندگی برقرار رہے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پارٹی قیادت ان تمام امیدواروں کے نام باضابطہ طور پر جاری کرے جنہیں پی ٹی آئی کی حمایت حاصل ہوگی تاکہ کارکنوں اور ووٹرز کو واضح رہنمائی مل سکے۔
ذرائع کے مطابق قید قائدین کا یہ پیغام اور خط ان کے وکیل کے ذریعے پارٹی قیادت تک پہنچایا گیا ہے، جس میں انتخابات میں فعال شرکت کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی انتقال کی خبروں پر وضاحت جاری کی ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد حیات ہیں اور کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں، انہیں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے پر غیرقانونی حراست اور سخت سزاؤں کا سامنا ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے بتایا گیا کہ جیل حکام نے بھی تصدیق کی کہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کی طبیعت ناساز ہے جس سے عدالت اور جیل حکام آگاہ ہیں۔ عوام کسی افواہ پر کان نا دھرے۔


