واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکا اور مشرق وسطیٰ کے 12 ممالک نے آبنائے ہرمز میں بلا رکاوٹ تجارت جاری رکھنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ بحرین میں امریکی سینٹرل کمانڈ کی قیادت میں منعقدہ علاقائی سکیورٹی اجلاس میں کیا گیا، جہاں مشرق وسطیٰ کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں سعودی عرب، قطر، عمان سمیت مشرق وسطیٰ کے 12 ممالک کے فوجی سربراہان نے شرکت کی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ امریکا علاقائی سلامتی کے لیے اپنے اتحادیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں جدید فضائی و میزائل دفاعی نظام چلا رہا ہے۔
اجلاس میں بحرین، مصر، اردن، کویت، لبنان، عمان، قطر، سعودی عرب، شام، متحدہ عرب امارات اور یمن کے اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایڈمرل بریڈ کوپر نے مزید کہا کہ امریکا اپنے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے۔


