اسلام آباد (لارڈ میڈیا): اے این ایف نے ملک گیر کریک ڈاؤن میں 4 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کی ہیں۔ ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک کے مختلف شہروں میں 7 کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو حراست میں لیا ہے۔
ان کارروائیوں میں 316.724 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی ہیں، جن کی مالیت 4 کروڑ 4 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ تمام مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کے سامان سے 12.160 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جبکہ فیصل آباد کے کوریئر آفس میں پارسل میں چھپی 6.560 کلوگرام آئس بھی برآمد ہوئی۔
تونسہ ٹول پلازہ کے قریب مسافر بس سے 24 کلوگرام چرس، شکار پور روڈ سکھر کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 10 کلوگرام چرس اور پشاور رنگ روڈ پر گاڑی سے 3.450 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔
لاہور کے واہگہ گاؤں میں لاوارث ڈرون سے 554 گرام ہیروئن، جبکہ دالبدین کے قریب سے 260 کلوگرام چرس قبضے میں لی گئی۔ اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد مزید تحقیقات جاری ہیں۔


