دوحہ (لارڈ میڈیا): ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ایران کو 3 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے جاری کرنے کے حوالے سے ابتدائی معاہدہ طے پا گیا ہے، تاہم کسی بھی فریق کی جانب سے سرکاری طور پر تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
ایران نے مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے منجمد اثاثے جاری کرنے کی شرط رکھی تھی، جس پر ابتدائی اتفاق رائے ہوا ہے۔ دوحہ میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات بدستور جاری ہیں۔ مذاکراتی عمل کے دوران معاہدے پر عمل درآمد کے طریقہ کار پر غور کے لیے ایران، قطر اور پاکستان کے وفود کے درمیان بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
مذاکرات کے دوران عمان کی جانب سے پیش کیے گئے نئے منصوبے پر بھی غور جاری ہے، جس میں آبنائے ہرمز سے متعلق امور شامل ہیں۔ مختلف تجاویز پر تفصیلی مشاورت کے بعد متعلقہ وفود اپنے اپنے ممالک واپس جائیں گے تاکہ عمان کی تجویز پر اعلیٰ حکام سے مشاورت مکمل کی جا سکے۔ تاہم ایران، امریکا، قطر، پاکستان یا عمان کی جانب سے باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔


