اسلام آباد (لارڈ میڈیا): ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے امریکہ کی ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی کے لئے سکالرشپس کا اعلان کیا ہے۔ یہ سکالرشپس امریکہ، پاکستان نالج کوریڈور پروگرام کے تحت 2027ء کے داخلوں کے لئے دستیاب ہوں گی۔
ایچ ای سی کے مطابق یہ سکالرشپس صرف پی ایچ ڈی پروگرام کے لئے مخصوص ہیں، اور ماسٹرز یا ایم ایس سے پی ایچ ڈی پروگرام شامل نہیں ہوں گے۔ امیدواروں کو ترجیح ان شعبہ جات میں دی جائے گی جن میں ایچ ای سی کی جانب سے ترجیح دی گئی ہے اور جنہیں امریکی جامعات میں داخلہ مل چکا ہو۔
اعلان کے مطابق سپرنگ اور سمر 2027ء کے داخلوں کے لئے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر 2026ء جبکہ فال 2027ء کے لئے 30 مارچ 2027ء مقرر کی گئی ہے۔ درخواستیں ایچ ای سی کے آن لائن سکالرشپ پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکیں گی۔
سکالرشپس دو زمروں میں تقسیم کی گئی ہیں۔ پہلے زمرے میں کیو ایس رینکنگ کی ٹاپ 50 امریکی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے والے امیدوار شامل ہوں گے، جنہیں ٹیوشن فیس، 19,200 امریکی ڈالر سالانہ وظیفہ، اور 2,000 امریکی ڈالر سالانہ ہیلتھ انشورنس دی جائے گی۔
دوسرے زمرے میں 51 سے 100 رینکنگ والی جامعات میں داخلے والے طلبہ کو سالانہ 12,000 امریکی ڈالر تک ٹیوشن فیس، 19,200 امریکی ڈالر وظیفہ، اور 2,000 امریکی ڈالر ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔
اہلیت کے معیار میں پاکستانی یا آزاد جموں و کشمیر کا شہری ہونا، کم از کم 16 سالہ تعلیم مکمل کرنا، اور دوسری یا تیسری ڈویژن نہ ہونا شامل ہے۔ عام امیدواروں کے لئے عمر کی حد 35 سال ہے جبکہ سرکاری ملازمین اور محققین کے لئے 40 سال مقرر کی گئی ہے۔
امیدواروں کے لئے GRE جنرل میں کم از کم 300 نمبر یا ہائر ایجوکیشن ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ (HAT) میں کم از کم 60 فیصد سکور حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔ ایچ ای سی نے مزید ہدایت کی ہے کہ مزید معلومات اور درخواست کے لئے ایچ ای سی کی ویب سائٹ اور سکالرشپ پورٹل سے رجوع کریں۔


