ارمچی (شِنہوا) سنکیانگ میں اختتام پذیر ہونے والی نویں چین-یوریشیا ایکسپو نے حجم اور شرکت کے اعتبار سے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔
منتظمین کے مطابق 25سے 29 جون تک سنکیانگ کے دارالحکومت ارمچی میں منعقد ہونے والی اس نمائش میں اندرون اور بیرون ملک سے 3 ہزار ایک سو سے زائد اداروں اور کمپنیوں نے شرکت کی جو اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ نمائش میں 49 ممالک، خطوں اور بین الاقوامی تنظیموں نے حصہ لیا، جن میں سے 27 نے اپنے قومی پویلین قائم کئے۔ اس دوران 2 ہزار سے زائد غیر ملکی نمائش کنندگان اور خریدار کاروباری مذاکرات کے لئے شریک ہوئے جبکہ ملکی سطح پر پیشہ ور خریداروں کی تعداد 23 ہزار 700 رہی۔
سنکیانگ کے بین الاقوامی نمائشی امور کے بیورو کے نائب ڈائریکٹر شو یے پھنگ کے مطابق بین الاقوامی شرکت میں مسلسل اضافہ، کاروباری اداروں کے معیار میں بہتری، طلب اور رسد کے درمیان موثر روابط اور شرکاء کی بھرپور دلچسپی یوریشیائی تعاون کے روشن مستقبل کا واضح ثبوت ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پانچ روزہ نمائش کے دوران 3 لاکھ 29 ہزار 300 افراد نے نمائش کا دورہ کیا جن میں تقریباً 10 ہزار غیر ملکی مہمان بھی شامل تھے۔
علاقائی محکمہ تجارت کے نائب سربراہ لی ہونگ چھی نے بتایا کہ نمائش کے دوران 80 سے زائد اقتصادی اور تجارتی سرگرمیاں منعقد ہوئیں، جن میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات، مختلف ممالک کے خصوصی اجلاس اور صنعتی شعبوں کے درمیان روابط کے پروگرام شامل تھے جبکہ سرحد پار تجارت کے نئے ماڈلز کے مثبت نتائج بھی سامنے آئے۔


