کیلیفورنیا (لارڈ میڈیا): گوگل نے اپنے والیٹ میں نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے صارفین آن لائن آرڈرز اور پارسلز کی ٹریکنگ براہِ راست والیٹ ایپ میں کر سکیں گے۔ یہ فیچر گوگل جی میل ان باکس میں موجود ڈیجیٹل رسیدوں اور ٹریکنگ نمبرز کو خودکار طور پر شناخت کرتا ہے اور انہیں استعمال کرتے ہوئے پارسل کی تازہ ترین معلومات والیٹ کی ہوم اسکرین پر دکھاتا ہے۔
گوگل نے کہا ہے کہ نئے فیچر کے تحت جلد پہنچنے والے پارسل ادائیگی کے کارڈز کے ساتھ نمایاں نظر آئیں گے جبکہ صارف مزید تفصیلی ٹریکنگ معلومات بھی دیکھ سکے گا۔ پارسل موصول ہونے کے بعد صارف اسے فہرست سے ہٹا سکتا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ عمل بعد میں خودکار طور پر بھی انجام دیا جائے گا۔
گوگل کے مطابق اس فیچر کے استعمال سے جی میل میں موجود ای میلز یا ان کی ترتیب پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ فی الحال یہ سہولت صرف امریکہ میں دستیاب ہے اور زیادہ تر بڑے ریٹیلرز کے ای میل فارمیٹس کو سپورٹ کرتی ہے۔
اس فیچر سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کو جی میل کی سیٹنگز میں جا کر گوگل ورک اسپیس اسمارٹ فیچرز کو فعال کرنا ہوگا۔


