پشاور (لارڈ میڈیا): خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خطرے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ شدید گرمی کے باعث گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اپر و لوئر چترال، سوات، اپر دیر، کوہستان اور مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ حساس گلیشیائی علاقوں میں متعلقہ حکام کو ہائی الرٹ رہنے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق تمام ریسکیو اداروں، ضروری مشینری اور ہنگامی عملے کو ہر وقت تیار رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو خطرے سے دوچار آبادی کو بروقت آگاہ کرنے اور ضرورت پڑنے پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دریا، ندی نالوں اور گلیشیائی علاقوں کے قریب جانے سے احتراز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ بارشوں کے دوران برساتی ندی نالوں اور تیز بہاؤ والے پانی سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں عمل میں لائی جا سکیں۔


