وینزویلا (لارڈ میڈیا): وینزویلا میں بدھ کے روز آنے والے زلزلوں نے شدید تباہی مچائی، کئی عمارتیں منہدم ہو گئیں۔ 7.1 اور 7.5 شدت کے یہ زلزلے گزشتہ ایک صدی کے دوران وینزویلا میں آنے والے طاقتور ترین زلزلوں میں شمار ہوتے ہیں۔ گوگل نے زلزلہ محسوس ہونے سے پہلے ہی بعض صارفین کو خبردار کر دیا۔
سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے دعویٰ کیا کہ انہیں گوگل کی جانب سے زلزلے کی پیشگی وارننگ موصول ہوئی۔ ایک صارف نے بتایا کہ اسے زلزلہ آنے سے چند لمحے قبل گوگل کا نوٹیفکیشن ملا، جس میں 6.2 شدت کے زلزلے کا انتباہ دیا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق اس ٹیکنالوجی کا تعلق اسمارٹ فونز میں موجود سینسرز سے ہے، جو زمین میں پیدا ہونے والی لرزش کو شناخت کر کے گوگل کے اینڈرائیڈ ارتھ کوئیک الرٹس سسٹم کو سگنل بھیجتے ہیں۔
گوگل کے سرورز اسی علاقے میں موجود دیگر فونز کے ڈیٹا کا موازنہ کرتے ہیں۔ اگر بڑی تعداد میں فونز ایک جیسی لرزش ریکارڈ کریں تو سسٹم فوراً وارننگ جاری کر دیتا ہے۔
گوگل کے مطابق دنیا بھر میں دو ارب سے زیادہ اینڈرائیڈ فونز اس نیٹ ورک کا حصہ ہیں، جو دنیا کا سب سے بڑا زلزلہ نگرانی کا نظام ہے۔
ماہرین کے مطابق زلزلہ مختلف قسم کی لہروں کی شکل میں سفر کرتا ہے۔ اینڈرائیڈ فونز ابتدائی پی ویوز کو محسوس کر کے گوگل کے سرورز کو اطلاع دیتے ہیں، جس سے گوگل متاثرہ علاقوں کے صارفین کو چند قیمتی سیکنڈ میں خبردار کر سکتا ہے۔
گوگل نے وضاحت کی کہ اگر زلزلے کا مرکز کسی شخص سے 341 کلومیٹر دور ہو تو گوگل کے سرورز زلزلے کے ابتدائی سگنلز وصول کر کے ان کا تجزیہ کر سکتے ہیں اور اصل جھٹکے پہنچنے سے پہلے الرٹ جاری کر سکتے ہیں۔


