ہومUncategorizedسوریا ونشی کو انگلینڈ میں بھارتی ٹیم سے الگ ڈریسنگ روم ملے...

سوریا ونشی کو انگلینڈ میں بھارتی ٹیم سے الگ ڈریسنگ روم ملے گا

لندن (لارڈ میڈیا): بھارت کے 15 سالہ کرکٹر ویبھو سوریا ونشی کو انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے دوران ٹیم سے الگ ڈریسنگ روم استعمال کرنا ہوگا۔ یہ انتظام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے حفاظتی ضوابط کے تحت کیا گیا ہے، جو 16 سال سے کم عمر کھلاڑیوں پر لاگو ہوتے ہیں۔

یہ ضوابط ویبھو سوریا ونشی کو میچز اور ٹیم میٹنگز کے دوران بھارتی اسکواڈ کے ساتھ موجود رہنے کی اجازت دیتے ہیں، تاہم کپڑے تبدیل کرنے اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں کے لیے انہیں علیحدہ ڈریسنگ روم فراہم کیا جائے گا۔ یہ ضابطہ انگلینڈ میں کھیلی جانے والی پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوران نافذ رہے گا۔

اطلاعات کے مطابق یہی ضوابط آئرلینڈ کے خلاف بیلفاسٹ میں کھیلے جانے والے میچوں کے دوران بھی لاگو ہوں گے۔ بھارتی ٹیم کو اس مقصد کے لیے اسٹیڈیم کے پویلین میں 3 علیحدہ کمرے فراہم کیے گئے ہیں اور ٹیم انتظامیہ کو قوانین سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ای سی بی کے ترجمان کے مطابق یہ آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں ہونے والا ایونٹ ہے، اس لیے آئی سی سی کے حفاظتی طریقہ کار نافذ ہوں گے جبکہ ای سی بی کی سیف ہینڈز پالیسی بھی لاگو رہے گی۔ کرکٹ ریگولیٹر بھارتی ٹیم کے ٹیم لائژن آفیسر کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ حفاظتی تقاضوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

ویبھو سوریا ونشی کے والدین پورے دورے میں ان کے ساتھ رہیں گے۔ ان کی کم عمری کے پیش نظر والدین بھی اسی ہوٹل میں قیام کریں گے جہاں بھارتی ٹیم مقیم ہوگی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ ان کے اخراجات برداشت کرے گا۔

ویبھو سوریا ونشی اس سے قبل آئی پی ایل میں راجستھان رائلز، بھارت اے اور ڈومیسٹک کرکٹ ٹیموں کے ڈریسنگ رومز کا حصہ رہ چکے ہیں۔ ان کا ممکنہ ڈیبیو بھارت کے کم عمر ترین مرد کرکٹر کا ریکارڈ توڑ سکتا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں