واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی تاریخ کے سب سے بڑے میڈیکل فراڈ کے الزام میں مطلوب بزنس مین ابراہیم خلدون حلمی کو ترکیہ سے گرفتار کرکے امریکہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے اعلان کیا کہ یہ کارروائی امریکی تاریخ کی سب سے بڑی ہیلتھ کیئر فراڈ تحقیقات میں سے ایک ہے جس میں ملزم پر میڈیکیئر پروگرام سے تین ارب ستر کروڑ ڈالر کے فراڈ کا الزام ہے۔
ابراہیم خلدون، فلوریڈا کے شہر ڈیلرے بیچ سے تعلق رکھتا ہے، بظاہر ایسی کمپنیاں چلاتا تھا جو طبی سامان فراہم کرنے کے قانونی ادارے دکھائی دیتی تھیں۔ سرکاری وکلا کے مطابق یہ سب ٹیکس دہندگان کا پیسہ لوٹنے کا دھوکہ تھا۔
ملزم نے جعلی بل بنا کر میڈیکیئر کو بھیجے جس میں گھٹنوں اور کلائیوں کی سپورٹ، زخموں کے گدے اور دیگر طبی سامان شامل تھا۔ حیرت انگیز طور پر جن مریضوں کے نام پر سامان منگوایا گیا، ان میں سے کئی کا وجود ہی نہیں تھا۔
ملزم کو ایک سال کے فرار کے بعد ترکیہ میں گرفتار کیا گیا اور ایک خصوصی آپریشن کے تحت امریکہ منتقل کیا گیا۔ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر نے ترکیہ کی حکومت اور امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے یہ گرفتاری ممکن ہوئی۔
یہ کارروائی ‘آپریشن گولڈ رش’ کا حصہ ہے جو بین الاقوامی نیٹ ورکس کے خلاف چلایا جا رہا ہے۔ کاش پٹیل نے دیگر مجرموں کو وارننگ دی کہ امریکی ٹیکس دہندگان کا پیسہ چرانے والے کسی بھی مجرم کو پکڑ لیا جائے گا۔


