ہومUncategorizedاسلام آباد سستا بازار میں آتشزدگی، 335 دکانیں خاکستر

اسلام آباد سستا بازار میں آتشزدگی، 335 دکانیں خاکستر

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایچ نائن میں واقع ہفتہ وار سستا بازار میں شدید آتشزدگی کے باعث 335 دکانیں اور اسٹالز جل کر خاکستر ہوگئے۔ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے آگ پر قابو پانے کے لیے طویل جدوجہد کی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ اچانک لگی اور بازار کے مختلف سیکشنز کو لپیٹ میں لے لیا۔ ابتدائی طور پر 70 دکانوں کے متاثر ہونے کی اطلاعات تھیں، لیکن وقت کے ساتھ نقصان بڑھتا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ بجھانے کے لیے راولپنڈی سے اضافی فائر بریگیڈ گاڑیاں بھی طلب کی گئیں جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف رہیں۔ حکام نے بتایا کہ 9 سیکشنز میں سے 7 پر قابو پا لیا گیا تھا اور تقریباً 80 فیصد تک آگ پر قابو پالیا گیا۔

انتظامیہ نے بتایا کہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم کپڑوں اور دیگر اشیاء کے اسٹالز مکمل طور پر جل گئے۔ دوسری جانب تاجروں نے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کی بروقت عدم موجودگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

بازار کے صدر عبدالرحمان خان نے آگ کو سازش قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتظامیہ کی ناکامی قرار دیا۔ ضلعی انتظامیہ نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں