کراچی (لارڈ میڈیا): کراچی میں گیسٹرو اور اسہال کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ڈاکٹر عمران سرور کے مطابق، سول اسپتال کے شعبہ ایمرجنسی میں روزانہ پیٹ کے امراض اور ڈائریا کے 200 سے زائد مریض رپورٹ ہو رہے ہیں۔ جناح اسپتال میں بھی گیسٹرو اور ڈائریا کے مریضوں کی تعداد 150 سے تجاوز کر گئی ہے۔
طبی ماہرین نے بتایا ہے کہ شہری پیٹ درد، الٹی، متلی اور لوز موشن کی شکایات کے ساتھ اسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ فریزر میں رکھا گوشت اگر مناسب طریقے سے نہ پکایا جائے تو معدے کے مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر معیاری اور آلودہ کھانے سے پرہیز کریں، تازہ اور صاف غذا کا استعمال کریں، کھانے کو ڈھانپ کر رکھیں اور فریج میں مناسب درجہ حرارت پر محفوظ کریں۔


