لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب میں نرسز کو نشانہ بنانے والے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے جہاں جعلی کالرز تبادلوں، چھٹیوں اور استعفوں کی منظوری کے نام پر نرسز سے غیر قانونی رقوم بٹورنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کچھ نرسز ان نمبرز پر رقم بھی منتقل کر چکی ہیں جبکہ سرکاری اسپتالوں کی نرسز کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ صحت نے مشتبہ موبائل نمبرز کی نشاندہی کرتے ہوئے تمام ٹیچنگ اسپتالوں، میڈیکل کالجز اور نرسنگ اداروں کو الرٹ جاری کیا ہے۔ نرسز کو خبردار کیا گیا ہے کہ کسی بھی غیر مجاز فرد کو ذاتی یا مالی معلومات فراہم نہ کریں اور مشکوک کالز کی اطلاع فوری انتظامیہ کو دیں۔


