لاہور (لارڈ میڈیا): لاہور کے علاقے گلشن راوی میں پولیس نے برقعہ پوش خاتون کو موٹرسائیکل چوری کے الزام میں اس کے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمہ اپنے دوست کے ساتھ مل کر موٹرسائیکل چوری کی وارداتیں کرتی تھی۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کو رات گئے شرقپور برج اٹاری کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان گھر کے باہر کھڑی موٹرسائیکلوں کو نشانہ بناتے تھے اور مختلف علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل چوری کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں دونوں ملزمان کو واردات کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج میں برقعہ پوش خاتون کو چوری شدہ موٹرسائیکل چلاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس نے کہا کہ ملزمان کو سیف سٹی اور مقامی کیمروں کی مدد سے ٹریس کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے پستول بمعہ گولیاں، نقدی اور چوری شدہ دو موٹرسائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔


