کوئٹہ (لارڈ میڈیا): بلوچستان حکومت نے فیول کنزرویشن سمیت تمام کفایتی اقدامات ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 10 مارچ 2026 سے نافذ تمام کفایتی پابندیاں واپس لے لی گئی ہیں۔
اعلامیے کے تحت بازار، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے، جبکہ شادی ہالز اور مارکیز کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت ہوگی۔ ریسٹورنٹس اور کیفے رات 11 بجے بند کیے جائیں گے، جبکہ پھل، سبزی، کریانہ اور گروسری کی دکانوں کو بھی اسی وقت تک کاروبار کی اجازت دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ فارمیسیز، ہسپتال، لیبارٹریز اور کلینکس پر اوقات کار کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ بیکریز، تندور، دودھ اور ڈیری شاپس بھی ان اوقات کار سے مستثنیٰ ہوں گے۔ پٹرول پمپس، سی این جی سٹیشنز اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز کو بھی مکمل استثنیٰ حاصل ہوگا۔
حکومت نے جم سپورٹس فیسلٹیز، سپورٹس، پیڈل، کورٹس، آئی ٹی کمپنیوں اور کال سینٹرز کو بھی پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔


