شہر (لارڈ میڈیا): ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ ہر بخار، کھانسی یا نزلہ زکام میں اینٹی بائیوٹک ادویات کا خود سے استعمال جسم کے اندرونی نظام، ہاضمے اور قوت مدافعت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اینٹی بائیوٹک ادویات بیکٹیریا سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے علاج کے لئے مؤثر ہیں، لیکن عام نزلہ، زکام، کھانسی یا فلو وائرس کی وجہ سے ہوتے ہیں جن پر یہ دوائیاں اثر نہیں کرتیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اینٹی بائیوٹک صرف مستند ڈاکٹر کی ہدایت پر ہی استعمال کی جائیں۔ بار بار ان ادویات کا استعمال انسانی جسم کے مائیکرو بایوم کو نقصان پہنچاتا ہے، جس سے ہاضمے کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ بچوں میں اینٹی بائیوٹک کا غیر ضروری استعمال ان کے دفاعی نظام کو متاثر کر سکتا ہے، لہذا ماہرین اطفال کا کہنا ہے کہ بچوں کو یہ دوائیں صرف ڈاکٹر کی تجویز پر دی جائیں۔


