اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب سن لی نے لیبیا میں سیاسی عمل آگے بڑھانے کے لئے عالمی برادری کی مشترکہ کوششوں پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب سن لی نے کہا کہ لیبیا کی مختلف جماعتوں کے درمیان انتخابی انتظامات اور ریاستی اداروں کے اتحاد پر اتفاق رائے پیدا کرنا لیبیا کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سلامتی کونسل کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
سن لی نے کہا کہ چین لیبیا میں اقوام متحدہ سپورٹ مشن کی جانب سے سیاسی روڈ میپ پر عملدرآمد آگے بڑھانے کی مسلسل کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ لیبیا کی بڑی سیاسی قوتوں کو سیاسی عزم کا مظاہرہ کرنا چاہیے، ملک اور عوام کے طویل مدتی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے اور مفاہمت و اتفاق رائے کی جانب پیش رفت کرنی چاہیے۔
سن لی نے کہا کہ بین الاقوامی شراکت داروں کو ثالثی کی کوششوں میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کا احترام کرنا چاہیے اور لیبیا کے سیاسی اختلافات کے حل میں تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔
سن لی نے کہا کہ لیبیا میں ملک گیر جنگ بندی بڑی مشکل سے حاصل کی گئی ہے اور اسے برقرار رکھنا ضروری ہے۔ تمام فریقوں کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو صورتحال کو مزید خراب کر سکتے ہوں اور جنگ بندی معاہدے کی متعلقہ شقوں پر عمل جاری رکھنا چاہیے۔
سن لی نے کہا کہ چین نے نقل مکانی کے مسئلے پر لیبیا میں حالیہ عوامی تنازع اور اقوام متحدہ کے اداروں کے خلاف مظاہروں کا نوٹس لیا ہے، ساتھ ہی اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ وضاحت کو بھی مدنظر رکھا ہے۔
سن لی نے اس بات پر زور دیا کہ غیر قانونی ہجرت طویل عرصے سے لیبیا کے سماجی استحکام کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے۔ بین الاقوامی برادری کو لیبیا کی سرحدی نگرانی مضبوط بنانے اور سرحد پار جرائم کے خلاف اس کی صلاحیت بڑھانے میں مدد دینی چاہیے تاکہ غیر قانونی ہجرت اور انسانی سمگلنگ کا مشترکہ طور پر سدباب کیا جا سکے۔


