لاس اینجلس (لارڈ میڈیا): ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے انکشاف کیا ہے کہ طلاق کے بعد وہ اندر سے بالکل بکھر گئی تھیں، لیکن ان کے بچوں نے انہیں دوبارہ سنبھالا۔ انجلینا جولی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ بریڈ پٹ سے علیحدگی کے بعد وہ مشکل وقت سے گزریں اور اپنے اندر کی ہمت کو کھو بیٹھی تھیں، تاہم اب وہ اپنی کھوئی ہوئی طاقت کو دوبارہ حاصل کر رہی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ طلاق نے ان کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا تھا اور وہ کچھ وقت کے لیے اپنی شناخت بھول گئی تھیں، لیکن اب وہ اپنی نئی زندگی کا آغاز کر رہی ہیں۔ انجلینا جولی نے اپنی واپسی کا سارا کریڈٹ اپنے چھ بچوں کو دیا، جن کی محبت اور حمایت نے ان کا حوصلہ بحال کیا۔
انجلینا نے بتایا کہ ان کے بچے اب تقریباً اٹھارہ سال کے ہو چکے ہیں اور وہ انہیں دنیا کی سیر کرنے اور نئی چیزیں سیکھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ انجلینا نے اپنی نئی فلم کے حوالے سے بات کی، جہاں وہ ایک طلاق یافتہ ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں جو اکیلے اپنے بچوں کو پالتی ہے۔ فلم کی ڈائریکٹر الیس ونوکور نے کہا کہ کہانی انجلینا کی حقیقی زندگی سے متاثر ہو کر لکھی گئی ہے۔


