لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے 17 جون سے 26 جون تک اس کا نفاذ کیا ہے، جس میں سات قسم کی پابندیاں شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، محرم الحرام کے دوران صرف منظور شدہ جلوس اور مجالس منعقد ہوں گے، اور عوامی مقامات پر ہتھیاروں اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی ہوگی۔
عوامی جذبات و عقاید کو بھڑکانے والے اشتعال انگیز نعروں، فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت پیدا کرنے والے بیانات، اور جلوس کے راستوں پر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
جلوس کے راستوں میں موجود عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے، اور راستے میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی پر بھی پابندی ہوگی۔
بزرگ شہریوں، خواتین، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور ڈبل سواری کے علاوہ تمام پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم الحرام تک ہوگا، جبکہ ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 9 اور 10 محرم الحرام کو ہوگا۔


