چین کے جنوب مغربی صوبہ یوننان کے دارالحکومت کونمنگ میں دسویں چین جنوبی ایشیا ایکسپو منعقد ہو رہی ہے۔
جمعرات کے روز شروع ہونے والے اس چھ روزہ ایونٹ کا حجم بڑھا ہے، معیار بہتر ہواہے جبکہ اس کی رسائی کے دائرہ کار میں بھی وسعت دیکھنے میں آئی ہے۔
جنوبی ایشیائی ممالک کی 560 سے زائد کمپنیاں ایکسپو میں شرکت کر رہی ہیں۔
ایکسپو کے لئے ڈیڑھ ہزار سے زائد ماہر خریدار اپنی رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ اِن میں غیر ملکی خریدار مجموعی تعداد کا 60 فیصد سے بھی زیادہ ہیں۔
اس تقریب میں 7 ہزار مربع میٹر سے زیادہ کے مجموعی رقبہ پر جنوبی ایشیا کے لئے دو خصوصی پویلین قائم کئے گئے ہیں۔ ان پویلینز میں جنوبی ایشیا کے تمام آٹھوں ممالک کی نمائندگی موجود ہے۔
ساؤنڈ بائٹ 1 (انگریزی): امیلا سری وردینا، سری لنکن نمائش کنندہ
’’ہم بنیادی طور پر سیلون مصالحہ جات کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ لوگ سیلون دار چینی میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں۔ یہ ہمارے لئے چینی منڈی میں اپنی مصنوعات کو متعارف کرانے کا ایک سنہری موقع ہے۔‘‘
رواں برس کی ایکسپو میں ’’مہمانِ خصوصی ملک‘‘کے طور پر بنگلہ دیش کے لئے 360 مربع میٹر پر پھیلا ہوا خصوصی نمائشی علاقہ مختص کیا گیا ہے۔
ساؤنڈ بائٹ 2 (انگریزی): نسیم رانا، بنگلہ دیشی نمائش کنندہ
’’ایکسپو میں جنوبی ایشیا کے بہت سے ممالک آ رہے ہیں جن میں پاکستان، نیپال، سری لنکا اور ہمارے تمام دیگر ہمسایہ ممالک شامل ہیں۔ میرے خیال میں ہم ایک دوسرے سے ٹیکنالوجی، ذرائع کی تلاش اور دیگر تمام امور کے بارے میں سیکھ سکتے ہیں۔ جب ہم فیشن برانڈز کے ساتھ کام کرتے ہیں تو ہم ان کے کپڑوں، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ کے طریقوں کے بارے میں بھی سیکھ سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میرے نزدیک یہ ایکسپو ہمیں ترقی کے لئے ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔‘‘
کونمنگ، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


