اسلام آباد (لارڈ میڈیا): محکمہ موسمیات نے 16 سے 20 جون تک ملک بھر میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے بالائی اور وسطی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی سے فصلوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور بٹگرام میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ کالام، پاڑاچنار، وزیرستان اور سوات میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہو رہی ہیں جو 20 جون تک برقرار رہ سکتی ہیں، جبکہ بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں بھی وسطی اور بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں موسمی نظام فعال ہوگا۔
پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں 16 سے 20 جون کے دوران گرد آلود ہوائیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات اور ہنگامی تیاریوں کی ہدایات جاری کرتے ہوئے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی تلقین کی ہے۔


