اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے جس کے تحت فوری اور مستقل جنگ بندی، آبنائے ہرمز کی دوبارہ بحالی اور مزید مذاکرات کے لئے ایک فریم ورک شامل ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ یہ پیش رفت تنازع کے پرامن حل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
بیان کے مطابق سیکرٹری جنرل نے مذاکرات میں کردار ادا کرنے پر پاکستان، قطر، مصر، سعودی عرب، ترکیہ اور دیگر علاقائی ممالک کی تعمیری کوششوں کو سراہا۔
سیکرٹری جنرل نے امید ظاہر کی کہ فریقین اس نئی پیش رفت کو بنیاد بناتے ہوئے تنازع کے حتمی حل کے لئے اپنی کوششیں مزید تیز کریں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ پائیدار اور جامع امن کے حصول میں ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے۔


