ہومانٹرنیشنلامریکہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت طے، تمام محاذوں پر جنگ ختم ہو...

امریکہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت طے، تمام محاذوں پر جنگ ختم ہو گئی، ایران

تہران (شِنہوا) ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے تحت لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ اور فوجی کارروائیاں فوری اور مستقل طور پر بند کر دی گئی ہیں۔

کونسل کے بیان کے مطابق اس مفاہمتی یادداشت کو اتوار کی رات کئی ماہ پر محیط مشکل اور انتہائی اہم مذاکرات کے بعد حتمی شکل دی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’طے پانے والے معاہدے کے مطابق لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ اور فوجی کارروائیاں فوری اور مستقل طور پر ختم ہو جائیں گی جبکہ ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی بھی فوری اور مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔‘‘

کونسل کے مطابق اس دستاویز پر باضابطہ دستخط 19 جون کو کئے جائیں گے جبکہ ایران اور امریکہ کے درمیان حتمی معاہدے کے لئے مذاکرات کو اس وقت تک موخر رکھا جائے گا جب تک دونوں فریق مفاہمتی یادداشت کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر لیتے۔

اس پیش رفت پر ردعمل دیتے ہوئے ایران کی مرکزی فوجی کمانڈ خاتم الانبیاء سنٹرل ہیڈکوارٹر نے کہا کہ ایرانی عوام، مسلح افواج اور مزاحمتی محاذ نے امریکہ اور اسرائیل پر اپنی مرضی مسلط کر دی ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ ’’دشمنوں‘‘ کے پاس شکست اور ہتھیار ڈالنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔

سرکاری ٹی وی آئی آر آئی بی کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت صرف سفارتی کوششوں اور مشاورت کا نتیجہ نہیں بلکہ ایران کی فوجی کامیابیوں کا بھی ثمر ہے۔

کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران کے تمام اہم موقف اور قومی مفادات اس یادداشت میں شامل کئے گئے ہیں اور باضابطہ دستخط کے بعد اس کا مکمل متن جاری کیا جائے گا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں