لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب بھر میں یکم سے 10 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کی جائے گی، جس کے تحت عوامی مقامات پر جاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی ہوگی۔ ڈبل سواری پر پابندی 9 اور 10 محرم الحرام کو ہوگی۔
حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبے میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پابندی کے تحت عوامی جذبات اور عقیدوں کو مجروح کرنے والے اشتعال انگیز نعروں، فرقہ وارانہ بیانات اور تبصروں پر بھی پابندی ہوگی۔
جلوس کے راستوں پر عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے کی ممانعت ہوگی۔ اس کے علاوہ جلوس کے دوران عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر تماشائیوں کی موجودگی پر بھی پابندی ہوگی۔
ڈبل سواری پر پابندی بزرگ شہریوں، خواتین، اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے علاوہ سب پر عائد ہوگی۔ دیگر پابندیوں کا اطلاق یکم سے 10 محرم الحرام تک ہوگا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ان احکامات کو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دفعہ 144 کا نفاذ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے کیا گیا ہے۔


